نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کےلئے مسلسل سرمایہ کاری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کےلئے مسلسل سرمایہ کاری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خاں سے جنریشن ان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کیون فری اور پاکستان میں یونیسیف کی کنٹری نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی اور فلاح کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل شمولیت، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کا ایک اہم پہلو ڈیجیٹل یوتھ ہب (ڈی وائے ایچ) کی نمایاں کامیابی رہی، جس کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد اب 800,000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سیکھنے اور مواقع حاصل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ایک اہم قومی اثاثہ ہے، جس کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے وفد کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری اہم پالیسی اقدامات، بشمول نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی اور نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی، کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن کا مقصد نوجوانوں کے لیے سازگار ماحول اور بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر کیون فری نے ڈیجیٹل یوتھ ہب کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کی تیزی سے بڑھتی ہوئی رسائی پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں، امنگوں اور فعال شرکت کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ، ڈیجیٹل اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان کے لیے روزگار اور ترقی کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں ۔اس موقع پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کو تعلیم، ہنر مندی، روزگار، رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے جوڑنے والا ایک موثر اور جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم یوتھ پروگرام، جنریشن ان لمیٹڈ اور یونیسیف کے درمیان نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل رسائی، ہنر مندی کے فروغ اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



