آئی جی پنجاب نے پولیس شہدا کے بچوں میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے

آئی جی پنجاب عبدالکریم نےسینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں شہدا کے 21 طلبہ میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تقریب کا مقصد شہدا کے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا تھا۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ میڈیکل، ایل ایل بی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نےکہا کہ جدید لیپ ٹاپ طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کے فروغ کے ساتھ ساتھ ان کی سکلز ڈویلپمنٹ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز کے تحت اب تک پولیس شہدا کے 329 بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں سال 127 طلبہ کو یہ سہولت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابل فراموش ہیں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کی معاونت کے لیے مزید وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس شہدا کے بچوں کو ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے مختلف سکالرشپس بھی فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لا سکیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں لاہور کے 2، شیخوپورہ کے 3، جھنگ کے 3، گوجرانوالہ کے 2، سیالکوٹ کے 2 اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کے 2 طلبہ شامل ہیں۔ اسی طرح راولپنڈی، فیصل آباد، اوکاڑہ، مظفرگڑھ، کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) اور پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا کے ایک ایک طالب علم کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور جدید مہارتوں کا حصول ہی ترقی اور کامیابی کی ضمانت ہے اور پنجاب پولیس شہدا کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔



