سلامتی کونسل کا فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے پر اسرائیلی پابندی کے اقدام پر تشویش کا اظہار
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) پر عائد کی گئی پابندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پابندی کرے ۔ العربیہ اردو کے مطابق سلامتی کونسل نے گزشتہ روز جاری بیان میں اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کو حاصل حقوق اور استثنائی حیثیت کا احترام کرے۔ عالمی ادارے نے کہا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ یو این آر ڈبلیو اےکو اس کے مینڈیٹ کے مطابق تمام متعقہ علاقوں میں کام کرنے دیں کیونکہ یہ ریلیف ایجنسی جنگ زدہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر کام کے حوالے سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ کوئی بھی دوسرا ادارہ انسانی بنیادوں پر کام کے لیے یو این آر ڈبلیو اے کا متبادل نہیں ہو سکتا ہے۔یو این آر ڈبلیو اے کا پناہ گزینوں کی مدد کے لیے مینڈیٹ اور اس کی اہلیت سب اداروں پر حاوی ہیں۔ اس کی امداد زندگیوں کو بچانے والی ہے۔ واضح رہے کہ یو این آر ڈبلیو اےغزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بےگھر فلسطینیوں کی انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لیے سب سے اہم ادارہ ہے۔