ایران پر مزید حملے ہو سکتے ہیں ، اسرائیلی اخبار
اسرائیل ایران پر مزید حملے کر سکتا ہے ۔ رشیا ٹوڈے نے اسرائیل کے عبرانی زبان کے ٹی وی چینل، چینل ۔13 کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی کابینہ کے ارکان کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش پر کئے گئے ڈرون حملوں کے جواب میں ایران پر ایک الگ حملہ کیا جا سکتا ہے ۔
اسرائیلی کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایران پر ہفتہ کو کئے گئے اسرائیلی حملے میں اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش پر ڈرون حملے کا ردعمل شامل نہیں تھا اور اس ڈرون حملے کے ردعمل میں اسرائیل پر ایک اور حملے کا امکان ہے ۔قبل ازیں اسرائیلی مسلح افواج نے ہفتے کو ایران میں فوجی اہداف پر فضائی حملے کئے تھے جن میں میزائل سازی کی سہولیات اور فضائی دفاعی بیٹریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
اس سے پہلے ایران کی جانب سے اسرائیل پر 200 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے ، جس سے دو فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔واضح رہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کے ساحلی شہر قیصریہ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اسرائیل اس گروپ کو ایرانی پراکسی فورس سمجھتا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم ڈرون حملے کے وقت اس رہائش میں موجود نہیں تھے ۔
انہوں نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ ایران اور اس کے پراکسیز کو اس حملےکی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے خبردار کیا کہ تہران صیہونی حکومت کو یقینی اور موثر جواب دینے کے لئے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔