قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فلسطین کے لئے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تین دن میں تشکیل دینے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین کے لئے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تین دن میں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا، حکومت لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ اور فلسطین میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بریفنگ کےد وران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک پاکستان کی جانب سے 1810 ٹن پر مشتمل ادویات، غذائی سامان، ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء کی 10کھیپ فلسطین بھیجی جا چکی ہیں، مزید پاکستانی شہریوں کو جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لئے اقدامات لئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے تین دن میں حکومت پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لئے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا،

امدادی سرگرمیوں میں ملک کی معروف این جی اوز کو شامل کیا جائے، غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ طلباء کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، اس سرگرمی میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button