کھیلوں کی دنیا

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے بصارت سے محروم خواتین اور لڑکیوں کیلئے قومی تربیتی کیمپ کی حمایت کا اظہار

آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) اور سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے 25 سے 30 اپریل تک اسلام آباد میں بصارت سے محروم خواتین اور لڑکیوں کے لیے قومی تربیتی کیمپ کی حمایت کی ہے۔ یہ سالانہ اقدام 2018ء میں پاکستان کی پہلی نابینا خواتین کرکٹ ٹیم کے تاریخی قیام کی بنیاد پر آگے بڑھایا گیا ہے۔ اس سال ملک بھر سے 52 شرکا نے کیمپ میں حصہ لیا جہاں انہوں نے اپنی مہارتوں کو نکھارا اور قومی سطح پر سلیکشن کے لیے تیاری کی۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اختتامی ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا کہ کرکٹ روابط اور شمولیت کے لیے ایک طاقتور ذریعہ ہے، یہ مشترکہ شوق کے ذریعے آسٹریلیا اور پاکستان کو قریب لاتا ہے اور خواتین و لڑکیوں بشمول معذوری کا شکار افراد کے لیے رکاوٹوں کو چیلنج کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب آسٹریلوی کھلاڑی اور کوچز پاکستان کے کرکٹ نظام میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، یہ اقدام ہماری شراکت داری کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے جو اعلیٰ سطح کے کھیل سے لے کر نچلی سطح تک جاری ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں یہ بااختیار بنانے کا ایک پلیٹ فارم ہے، درست معاونت کے ساتھ یہ خواتین میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ سرینا ہوٹلز کے سی ای او عزیز بولانی نے کہا کہ یہ اقدام کھیل کے ذریعے شمولیت اور مواقع کو فروغ دینے میں شراکت داری کی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ بلائنڈ کرکٹ کی ابتدا 1922ء میں آسٹریلیا میں ہوئی تھی اور تب سے یہ ایک عالمی کھیل بن چکا ہے جس کی ترقی میں آسٹریلیا اور پاکستان دونوں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button