ایران امریکی صدر ٹرمپ سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنا سکتا ہے: موساد نے سی آئی اے کو خبردار کردیا

اسرائیلی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ نے امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کو خبردار کیا ہے کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے سینیئر اراکین کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
سینیئر اسرائیلی اور امریکی حکام نے اسرائیلی اخبار کو بتایا ہے کہ اس انتباہ کے بعد امریکا کی اعلیٰ ترین شخصیات کے گرد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور مغربی انٹیلی جنس ایجنسی نے بھی موساد کی اس معلومات کی تصدیق کی ہے۔
ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ امریکی حکام پہلے ہی اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی جانوں کو لاحق ایرانی خطرات سے آگاہ تھے تاہم اسرائیل کی جانب سے فراہم کردہ انٹیلی جنس مخصوص اور حالیہ خطرات کی نشاندہی کرتی ہے، جن میں بارود سے لدے ڈرونز کے ذریعے حملوں کا امکان بھی شامل ہے۔
ان خطرات کے پیشِ نظر جن عہدیداروں کے نشانہ بننے کا خدشہ ہے انہوں نے کھلے مقامات پر ہونے والی عوامی تقریبات میں اپنی شرکت کو انتہائی محدود کر دیا ہے جبکہ کئی حکام کو عارضی طور پر ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ان عہدیداروں میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ بھی شامل ہیں جو ایران کے خلاف پابندیوں کی نگرانی کرتے ہیں۔ بیسنٹ کو واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں واقع ان کے گھر سے ایک محفوظ فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کو بھی ایک فوجی اڈے پر محفوظ رہائش گاہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ بھی ایک محفوظ فوجی تنصیب میں قیام پذیر ہیں۔
سینیئر امریکی حکام نے بتایا کہ ان کی عوامی تقریبات میں شرکت کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں اور اس نوعیت کی تقریبات کو انتہائی کم کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جب بھی ایسی کوئی تقریب منعقد ہوتی ہے تو اس کے لیے سخت روایتی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جاتے ہیں جن میں ڈرون خطرات کو ناکارہ بنانے والے خصوصی دفاعی نظام کی تعیناتی بھی شامل ہے۔



