عالمی

عطر سازی میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ، تیاری کا وقت 25 سے 30 فیصد تک کم ہو گیا

مصنوعی ذہانت کا استعمال عطر سازی میں بھی شروع ہو گیا ہے جس کے نتیجہ میں عطر کی تیاری اور پیداوار کے لیے درکار وقت 25 سے 30 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اس انقلابی ٹیکنالوجی کا نئی اقسام کے عطر تخلیق کرنے میں بڑھتا ہوا کردار سامنے آیا ہے تاہم اس شعبے سے وابستہ افراد اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ٹیکنالوجی چاہے جتنی بھی ترقی کر لے وہ مکمل طور پر انسانی حسی تجربے کی جگہ نہیں لے سکے گی۔ 2025 میں کاسمیٹکس کی صنعت کی بڑی امریکی کمپنی "ایسٹی لاڈر” نے پیرس میں عطر تخلیق کرنے کا ایک مرکز کھولا جو روایتی فنی مہارت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے۔ گروپ کے نائب صدر برائے تخلیقِ عطر لوکاس نانینی کے مطابق اس مرکز کا مقصد کمپنی کے اربوں ڈالر مالیت کے برانڈز، جیسا کہ "جو مالون لندن”، "کیلیان پیرس”، "لو لابو” اور "ٹام فورڈ بیوٹی” کو سہارا دینا ہے۔لوکاس نانینی تیار کی جانے والی کچھ نئی ترکیبوں کا تجربہ ’’ دار العطور ‘‘ کے زائرین پر کرتے ہیں۔ لوکاس نانینی نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت ہمیں ان چیزوں پر کام کرنے کی اجازت دیتی ہے جنہیں ہم تضادات کہتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہم ایک ایسا بھرپور خوشبودار تیل کیسے تخلیق کر سکتے ہیں جس کی ساخت بیک وقت اتنی ہلکی ہو کہ وہ ہوا میں پھیل سکے ۔ مصنوعی ذہانت عطر سازوں کو مخصوص خصوصیات کے حامل تیلوں کی نشاندہی کرنے میں مدد دیتی ہے جو ایک ایسا کام ہے جس کے لیے انہیں آزمائش اور غلطی کے اصول پر مبنی برسوں کی دستی محنت درکار ہوتی۔ مصنوعی ذہانت ضابطہ جاتی امور کی تکمیل میں بھی حصہ ڈالتی ہے کیونکہ لوکاس نانینی اس طویل وقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو اس بات کی تصدیق کرنے میں لگتا ہے کہ آیا مختلف ممالک کے قوانین عطر کے ہر جزو کے استعمال کی اجازت دیتے ہیں یا نہیں۔لوکاس نانیتی نے وضاحت کی کہ اب صرف ایک کلک کے ذریعے یہ تصدیق کرنا ممکن ہو گیا ہے کہ آیا استعمال ہونے والے ایک ہزار سے زیادہ اجزا میں سے کوئی ایک جزو کسی مخصوص ملک میں قانونی ہے یا نہیں۔ اسی طرح اس کے ارتکاز کی زیادہ سے زیادہ جائز حد معلوم کی جا سکتی ہے۔ جانوروں کے حقوق کی تحریکوں کے دباؤ کے بعد ان کی بعض اقسام کے استعمال پر پابندی لگنے پر پہلے جانوروں سے حاصل کیے جانے والے اجزا کے متبادل مالیکیولز تلاش کرنے کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس شعبے کی ایک اور بڑی امریکی کمپنی "انٹرنیشنل فلیورز اینڈ فریگرنسز”نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مصنوعی ذہانت عطروں کی تیاری اور پیداوار کے لیے درکار وقت کو 25 سے 30 فیصد تک کم کر دیتی ہے۔ مسلسل ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ میں مخصوص عطروں کے بڑھتے ہوئے حصے کے ساتھ سوئس کمپنی "جیوڈان” اور فرانسیسی کمپنی "روبرٹیٹ” جیسی کمپنیوں نے ایسے آلات میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جو انہیں خوشبو کے نئے مالیکیولز دریافت کرنے میں مدد دیتے ہیں۔”انٹرنیشنل فلیورز اینڈ فریگرنسز” نے دہائیوں کے دوران اندرونی طور پر جمع کیے گئے ڈیٹا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعی ذہانت پر مبنی اپنے مخصوص آلات تیار کیے ہیں۔ ان آلات میں سے ایک آلہ ایسے اجزا تجویز کرنے پر کام کرتا ہے جو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے ہیں اور اسے کمپنی کے ماہرِ عطر سازی استعمال کرتے ہیں۔ ماہرین کہتے کہ ہر ماہرِ عطر سازی اس ہم آہنگی یا امتزاج کو تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے جو مستقبل میں جذبات کی چنگاری بھڑکا دے۔ یہ آلہ کسی ایک جزو میں موجود مالیکیولز کا تجزیہ کرتا ہے اور پھر ایسے دیگر اجزاء تجویز کرتا ہے جو اس کے ساتھ ملتی جلتی خصوصیات رکھتے ہوں۔ مثال کے طور پر پودینے کے جوہر میں مینتھون مرکب پایا جاتا ہے اور یہ آلہ ایسے دیگر اجزا تجویز کر سکتا ہے جن میں یہ مرکب بھی موجود ہو۔ ماہر عطریات گینے کہتے ہیں کہ کچھ امتزاج فطری معلوم ہو سکتے ہیں، جبکہ کچھ قدرے عجیب لگ سکتے ہیں لیکن عین اسی مقام پر اس آلے کی اصل قدر پنہاں ہے کیونکہ یہ تخلیقی صلاحیت کو ابھارتا ہے جو انتہائی جدت طراز امتزاج پر غور کرنے پر مجبور کرتا ہے۔دوسری طرف ہر کوئی اس میدان میں مصنوعی ذہانت کے انقلاب کی افادیت سے قائل نہیں ہے۔ فرانسیسی پرفیوم ہاؤس "ایلیوس”کے شریک بانی گیوم تول نے اس بات پر زور دیا کہ عطروں کو کیسے تیار کیا جائے اس کا حتمی فیصلہ انہی کا ہوتا ہے ۔ میں اپنے ذاتی وژن پر قائم ہوں۔ بالکل موسیقی کی طرح اجزا میں ردوبدل شروع کرنے پر کچھ بے آہنگی سامنے آتی ہے اور عین یہی چیز دلچسپی پیدا کرتی ہے اور انسان کے سوا کوئی نہیں جان سکتا کہ انہیں مؤثر طریقے سے کیسے بروئے کار لایا جائے۔ "ایلیوس” کے شریک بانی گیوم تول 1992 میں "تھیری موگلر” کی جانب سے لانچ کیے گئے عطر "اینجل” کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی مصنوعی ذہانت اس طرح کا عطر تخلیق کرنے کی تجویز دیتی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس وقت اپنی میٹھی خوشبوؤں کی وجہ سے اسے انقلابی قرار دیا گیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button