عالمی

یمن کی سرکاری فورسز عدن شہر کی حفاظت کیلئے باب المندب سے پیچھے ہٹ گئیں

یمن کی حکومتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ عدن میں واقع اپنے مرکزی اڈے کے دفاع پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے آبنائے باب المندب کے قریبی علاقے سے پیچھے ہٹ رہی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے خلاف مہم کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے اور اس اعلان نے بحیرہ احمر کے ساتھ واقع ساحلی پٹی کو واپس لینے کے لیے جاری حکومتی جوابی کارروائی کے بظاہر خاتمے کا اشارہ دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ حوثیوں نے ستمبر میں ایک برق رفتار پیش قدمی کے ذریعے باب المند اور اس کے اطراف کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔

حوثیوں کے خلاف لڑنے والی یمنی حکومت کی اتحادی تنظیم ’سدرن آرمڈ فورسز‘ نے کہا ہے کہ اس کے فوجی آبنائے باب المندب کے ساتھ واقع علاقوں سے نکل آئے ہیں اور اب اُن کی توجہ یمن کے جنوبی شہر عدن کی حفاظت پر ہے۔

حکومتی فورسز کے اعلان سے حوثیوں کی جانب سے عدن کی طرف نئی پیش قدمی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد 2015 سے حکومتی فورسز جنوبی ساحل پر واقع شہر عدن میں مقیم ہیں۔

گزشتہ ماہ سعودی حمایت یافتہ حکومتی کارروائی میں آبنائے کے گرد اہم علاقوں بالخصوص ذباب کا کنٹرول تیزی سے واپس لے لیا گیا تھا، تاہم فورسز حوثیوں کو اس علاقے سے مکمل طور پر نکالنے یا ساحل کے ساتھ واقع شہر المخا کو واپس لینے میں ناکام رہیں۔

اس کے جواب میں حوثیوں نے سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں شدت پیدا کر دی اور عدن کے شمال میں واقع پہاڑی علاقوں میں بھی نمایاں پیش قدمی کی۔ ساتھ ہی اکتوبر کے اوائل میں حوثیوں نے تعز شہر کا رابطہ منقطع کر کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے لڑنے والے مختلف اتحادی دستوں پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔

تعز شہرکے جنوب میں واقع پہاڑی علاقوں میں حوثی دستے صوبہ لحج کے ضلع طور الباحہ کے عین باہر تعینات ہیں جو عدن سے تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق تعز کے گرد حوثیوں کی کامیابیوں نے آبنائے باب المندب کے اطراف حکومتی کاروائیوں کو شدید نقصان پہنچایا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button