کھیلوں کی دنیا

ناقص پرفارمنس پرقومی ٹیم سے ڈراپ ہونےکے باوجود صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل رہے

ناقص پرفارمنس کی وجہ سے قومی ٹیم سے ڈراپ ہونےکے باوجود ٹیسٹ اوپنر صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں۔

صائم ایوب کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے 26 اکتوبر 2026 کو ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں محض 21 رنز بنانےکے بعد اسکواڈ سے رخصت پر بھیج دیا تھا اور ان کی جگہ ٹی 20 کپتان صاحبزادہ فرحان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق ہیڈکوچ مائیک ہیسن کے مطابق صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنے کھیل کو وقت دینے کے خواہش مند تھے، البتہ حیران کن طور پر مسلسل ناقص پرفارمنس کے باوجود ٹیم کے ساتھ کھیلنے والے صائم ایوب جنھیں اب ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے، منظر عام سے غائب ہیں۔

قائد اعظم ٹرافی گولڈ میں کراچی بلیوز کی ٹیم نے 15 نومبر کو شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کے مقابلے پر اپنا تیسرا میچ شروع کیا ہے، جہاں ابتدائی دو راؤنڈ کے بعد تیسرے راؤنڈ میں بھی پاکستان کے لیے 9 ٹیسٹ 20 ون ڈے اور 71 ٹی 20 کھیلنے والے صائم ایوب غیر حاضر ہیں۔

کراچی بلیوز کی انتظامیہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ صائم ایوب فی الحال آرام کرنا چاہتے ہیں، جب کہ ڈائریکٹرکرکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے بااثر رکن عاقب جاوید کے مطابق صائم ایوب نے انھیں ٹیلی فون پر بتایا ہےکہ وہ ذہنی طور پر کرکٹ کھیلنےکے لیے فی الحال تیار نہیں ہیں اور انھیں ابھی مزید تھوڑا وقت درکار ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button