وزیراعظم کا پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ، دونوں ممالک کے تعلقات کو مشترکہ منصوبوں اور خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جمہوریہ ترکیہ کی 103 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مشترکہ منصوبوں اور خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں منعقدہ جمہوریہ ترکیہ کی 103 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سفارتخانے آمد پر ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب کے دوران صدر رجب طیب ایردوان، حکومت اور ترک عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923ء کو مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کی بنیاد رکھی گئی،صدر رجب طیب ایردوان کی مدبرانہ قیادت میں ترکیہ مضبوط عالمی قوت بن کر ابھرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ترکیہ کا اہم مقام ہے، پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی کی ایک تاریخ ہے،تحریک خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ترک بھائیوں کی بھرپور حمایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، 2005ء کے زلزلے کے بعد ترکیہ پاکستان کی مدد کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا، 2010ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کا دورہ کیا۔ترکیہ کی جانب سے مظفرگڑھ میں جدید ہسپتال اور متاثرین کو سہولتیں فراہم کی گئیں،ترک خاتون اول نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور جذبہ ایثار کا بے مثال مظاہرہ کیا،امینہ ایردوان کے جذبہ ایثار نے لاکھوں پاکستانیوں کے دل جیت لیے، رجب طیب ایردوان ہسپتال اور امینہ ایردوارن سکول صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ فروری 2023ء میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے پر پاکستانی عوام نے ترک بھائیوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھا،پاکستان نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ کی حمایت اہل پاکستان کے لیے حوصلے کا باعث بنی،ترکیہ کی مخلصانہ حمایت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سیاست، تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے، مکہ دفاعی مشترکہ معاہدہ صلاحیت اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے، کراچی میں صدر رجب طیب ایردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،ترک سرمایہ کار پاکستان میں معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں، دونوں ممالک کے تعلقات کو مشترکہ منصوبوں اور خوشحالی میں تبدیل کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ تاریخ، مذہب اور مشترکہ اقدار کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں،مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں ترک قوم نے آزادی کی تاریخ رقم کی،جنگ آزادی اور جمہوریہ ترکیہ کا قیام تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، تحریک آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ترک قوم کی جدوجہد میں ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،دونوں ممالک محض دوست نہیں، تاریخ اور ایمان کے رشتے میں بندھے بھائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کو معاشی سفارتکاری میں بدلنا ہے،دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترک سفیر نے سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔تقریب میں نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔



