اسرائیلی صدر نے اپوزیشن رہنما آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانےکی باضابطہ دعوت دے دی

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانےکی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔
سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ وزیر اعظم نیتن یاہو کے سب سے مضبوط سیاسی حریف ہیں، ان کے پاس حکومت بنانےکے لیے 28 روز کی مہلت ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اسرائیلی صدر کی جانب سے انہیں مزید 14 دن مل سکتے ہیں۔
اگر وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے تو نیتن یاہو کو دوبارہ حکومت تشکیل دینے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔اگر نیتن یاہو بھی ایسا کرنے میں ناکام رہے تو اسرائیل میں اگلے سال موسم بہار کے آغاز میں دوبارہ انتخابات کرانا پڑسکتے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گادی آئزنکوٹ کو حکومت بنانےکے لیے ممکنہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات شروع کرنا ہوں گے۔
صدر کی جانب سے آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لازماً اگلے وزیراعظم بن جائیں گے، تاہم اسرائیلی صدر کا یہ فیصلہ نیتن یاہو کے لیے ایک اور سیاسی دھچکا ہے کیونکہ انتخابات میں وہ پارلیمانی اکثریت کھو چکے ہیں۔
خیال رہےکہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں نہ تو نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کو اور نہ ہی آئزنکوٹ کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہوئی۔
120 ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ انتخابات میں نہ نیتن یاہو اور نہ ہی آئزنکوٹ یہ تعداد حاصل کرسکے۔
نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد کی نشستیں کم ہوکر صرف 53 رہ گئیں جب کہ آئزنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد نے 48 نشستیں حاصل کیں۔ باقی 19 نشستیں عرب قیادت والی جماعتوں کے حصے میں آئیں۔
حکومت سازی میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی جماعتوں میں عرب قیادت والی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں، جو انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اہم سیاسی حیثیت اختیار کرچکی ہیں۔ تاہم نیتن یاہو اور ان کے اتحادی مسلسل ان جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
آئزنکوٹ نے اتوار کو واضح کیا کہ ان کے حکومتی اتحاد میں شامل ہونے والی جماعتوں کے لیے چند شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔ ان میں اسرائیل کو یہودی اور جمہوری ریاست تسلیم کرنا، اعلان آزادی کی حمایت، فوجی یا قومی خدمات کی پابندی اور حماس کو دہشت گرد تنظیم تسلیم کرنا شامل ہے۔
آئزنکوٹ کو وزارت عظمیٰ تک پہنچنے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے سامنے حکومت بنانے کے لیے تین ممکنہ راستے ہیں۔
نیتن یاہو کے ساتھ اقتدار میں شراکت کا معاہدہ کرنا۔
عرب قیادت والی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا، جس کی ان کے اپنے سیاسی اتحاد کے کئی ارکان مخالفت کر رہے ہیں۔
انتہائی قدامت پسند مذہبی جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کرنا، جو اپنی برادری کے لیے فوجی خدمات سے استثنیٰ برقرار رکھنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔
سابق اسرائیلی آرمی چیف آئزنکوٹ اور ان کے اتحادیوں نے انتخابی مہم میں فوجی خدمات میں مساوات کو مرکزی اہمیت دی تھی۔ ان کا خاص مطالبہ یہ ہےکہ انتہائی قدامت پسند مذہبی طبقے کو حاصل طویل عرصے سے جاری فوجی خدمات کے استثنیٰ کا خاتمہ کیا جائے۔



