گورنر خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات اور درپیش مسائل بارے آگاہ کیا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور درپیش مسائل بارے آگاہ کیا گیا ۔ترجمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق اجلاس میں مشیر تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، پرنسپل ایبٹ آباد پبلک سکول اختر قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری تعلیم اور پرنسپل ایبٹ آباد پبلک سکول نے گورنر کو ادارے کے امور ، تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور درپیش مسائل سے متعلق گورنر کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کا شمار نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔گورنر نے سکول کی تعلیمی خدمات اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں سکول کا جلد دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ مشیر تعلیم ایبٹ آباد پبلک سکول کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،انہیں تعلیمی شعبے میں اقدامات کے لئے مشکل ٹاسک دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور شعبہ تعلیم پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، صوبے میں ایبٹ آباد پبلک سکول جیسے مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہئیں۔ گورنر نے کہا کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کے حکام ہر ماہ ادارے کی کارکردگی اور پیش رفت سے آگاہ کریں،اس کے انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔سکول کے پرنسپل نے گورنرفیصل کریم کنڈی کو ایبٹ آباد پبلک سکول کی یوم والدین کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی.



