قومی

وزیراعظم یوتھ کروم بک منصوبے کے تحت ملک بھر میں نویں جماعت کے پانچ لاکھ طلبہ کو جدید ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی

وزیراعظم یوتھ کروم بک منصوبے کے تحت ملک بھر میں نویں جماعت کے پانچ لاکھ طلبہ کو جدید ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تعلیمی سال 27۔2026کے دوران ڈھائی لاکھ جبکہ دوسرے مرحلے میں 28۔2027کے دوران مزید ڈھائی لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کو منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ آئی بی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے پر عملدرآمد کے طریقہ کار، طلبہ کی اہلیت، صوبوں میں کروم بکس کی تقسیم اور شفافیت یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مجوزہ معیار کے مطابق سرکاری سکولوں، فائونڈیشن سکولوں اور رجسٹرڈ دینی مدارس میں زیر تعلیم نویں جماعت کے اہل طلبہ کو منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت مجموعی کروم بکس میں سے 70 فیصد سائنس اور 30 فیصد آرٹس کے طلبہ کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ صوبوں میں تقسیم قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے فارمولے کے مطابق کی جائے گی۔ آئی بی سی سی نے اہل طلبہ کی نشاندہی اور ان کے کوائف کی تصدیق کے لیے ملک بھر کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز سے ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اس ضمن میں تعلیمی بورڈز کے فوکل پرسنز کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا تاکہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور ڈیٹا کے حصول کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کروم بکس کی تقسیم میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائے تاکہ یہ سہولت حقیقی طور پر اہل طلبہ تک پہنچ سکے۔ اس مقصد کے لیے طلبہ کے ریکارڈ کی تصدیق، تقسیم کے عمل کی نگرانی اور منصوبے کے نتائج کا جائزہ لینے کے لیے جامع نظام وضع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ منصوبے سے ملک بھر میں ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات کے فروغ، تعلیمی مواقع میں عدم مساوات کم کرنے اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button