سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خفیہ اطلاعات پر دو کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک کر دیئے ، آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں بھارتی پراکسی ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر دو کارروائیاں کیں، جن کے دوران 9 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے زیرِ سرپرستی سرگرم 7 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ضلع وڈھ میں کی گئی ایک اور خفیہ کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں گھیراؤ میں لیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے زیرِ سرپرستی سرگرم مزید 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی غیر متزلزل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔



