اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 5 سے 16 سال کی عمر کے طالب علموں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے،پارلیمانی سیکرٹری رابعہ نسیم فاروقی

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم رابعہ نسیم فاروقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 5 سے 16 سال کی عمر کے طالب علموں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے،اگر کہیں مفت کتب طالب علموں کو نہیں مل رہیں تو آگاہ کیا جائے کارروائی کریں گے ۔بدھ کو قومی اسمبلی میں عالیہ کامران اور دیگر کے اسلام آباد کے سکولوں اورکالجز میں بھاری اضافی فیسوں اور متفرق اخراجات بشمول ٹرانسپورٹ فیس کی وصولی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں رابعہ نسیم فاروقی نے کہا کہ اسلام آباد میں پانچ سے 16 سال تک بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے، کوئی فیس نہیں لی جارہی،مفت کھانا بھی فراہم کررہے ہیں،نیبر ہوڈ سکول 6 کلومیٹر کے اندر ہوگا وہاں مفت تعلیم اور ٹرانسپورٹ دی جائے گی۔عثمان بدینی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ اس سکول کی اطلاع دیں جہاں کتابیں نہیں مل رہیں کیونکہ میری اطلاع کے مطابق کوئی سکول ایسا نہیں جہاں مفت کتابیں نہ مل رہی ہوں،اس پر فوری کارروائی کریں گے۔سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اہم ایشو ہے اس کو حل کریں بصورت دیگر اسے کمیٹی کو بھجوا دیں گے،اس پر عمل یقینی بنایا جائے۔



