پی سی بی کا ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی اسکواڈ میں 2 تبدیلیوں کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز اور آئندہ انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں 2 تبدیلیوں کا اعلان کر دیا۔
اوپننگ بیٹر عبداللہ فضل انجری کے باعث ان فٹ قرار دیے گئے ہیں، جس کے بعد عبداللہ شفیق کو ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق عبداللہ فضل کو انجری کے بعد ایم آر آئی اسکین کرایا گیا، جس کے بعد طبی معائنے میں انہیں ری ہیبلیٹیشن پروگرام شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
اسی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ایک ٹیسٹ میچ اور انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب سعود شکیل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بقیہ ایک میچ کے لیے اضافی بیٹنگ آپشن کے طور پر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پاکستان کی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی، جہاں3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست، ہیڈنگلے، دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست، لارڈز اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اس وقت جاری ہے، جہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرےروز پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز بنالیے۔



