ٹاپ نیوز

پنجاب پولیس کے قذافی سٹیڈیم میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل،آئی جی پنجاب

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان انٹرنیشنل ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے لئے پنجاب پولیس نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، شائقین کرکٹ اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے جبکہ ٹیموں، میچ آفیشلز اور تماشائیوں کی حفاظت کے ساتھ ٹریفک انتظامات بھی موثر انداز میں یقینی بنائے جائیں۔ ترجمان کے مطابق میچ کی سکیورٹی کے لئے ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس اور دیگر یونٹس سمیت8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹیموں کے روٹس، قیام گاہوں اور قذافی سٹیڈیم پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور سینئر پولیس افسران تمام سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا قبل از وقت جائزہ لیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیموں کی قیام گاہوں، روٹس اور سٹیڈیم کے گردونواح کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے جبکہ بلند عمارتوں، سٹیڈیم اور اہم مقامات پر سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔آئی جی پنجاب نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو تین درجاتی سکیورٹی حصار اور مکمل چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button