ٹاپ نیوز

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی عراق کے نامزد وزیرِاعظم سے ٹیلیفونک رابطہ

صدرِ مملکت آصف علی زرداری جو اس وقت چین کے صوبہ ہینان کے شہر سانیا کے سرکاری دورے پر ہیں، نے جمہوریہ عراق کے نامزد وزیرِاعظم علی فالح خادم الزیدی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عراقی حکومت کے سربراہ کے طور پر وزارت عظمیٰ کے اہم منصب پر نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے نامزد وزیرِاعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی اور ایک مستحکم حکومت کی تشکیل کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بطور وزیرِاعظم انتخاب عراق کی قیادت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے جو ملک کے ایک اہم مرحلے پر سامنے آیا ہے۔ نامزد وزیراعظم سے گفتگو کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اور پاکستان اس برادرانہ تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کا ذکر کیا جن میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت اور قابلِ تجدید توانائی شامل ہیں۔ صدرِ مملکت نے دیرپا شراکت داری کے فروغ کے لیے تعلیمی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ نامزد عراقی وزیرِاعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باہمی طور پر مناسب وقت پر عراق کے دورے کی دعوت دی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button