ٹاپ نیوز

معاشی اصلاحات کاتسلسل جاری رہے گا، اہم معاشی اشارئے مثبت ہیں، خساروں پرقابو پایاگیاہے، محمداورنگزیب

وفاقی وزیرخزانہ کاایس ای سی پی کے زیراہتمام تقریب سے خطاب

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمداورنگزیب نے کہاہے کہ معاشی اصلاحات کاتسلسل جاری رہے گا، اہم معاشی اشارئے مثبت ہیں، خساروں پرقابو پایاگیاہے،حکومت ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

جمعرات کویہاں سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت نے معاشی میدان میں اہم پیش رفت کی ہے، اہم معاشی اشارئے مثبت ہیں، خساروں پرقابو پایاگیاہے،زرمبادلہ اوربرآمدات میں اضافہ ہورہاہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے، شرح سودمیں کمی سے صنعتوں کوفائدہ پہنچ رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ معاشی استحکام کے بعدنموکے سفرمیں تیزی لانے کیلئے جوبھی ادارے ہمارے ساتھ تعاون کررہے ہیں ہم ان کے شکر گزارہیں۔انہوں نے کہاکہ کاپ۔ 29کے موقع پرپاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مالیاتی حکمت عملی کاآغازکیا ہے،ماحولیات، موسمیاتی تبدیلیوں کااہم حصہ ہے، جامع اقتصادی شمولیت اورنمو میں ان کی اہمیت مسلمہ ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ معاشرے کے تمام طبقوں کو مرکزی اقتصادی دھارے میں لانا ضروری ہے، پاکستان کی معیشت میں ہرایک کواپنا مثبت کرداراداکرناہوگا، صنفی برابری اورمساوات قومی اقتصادی منظرنامہ میں اہمیت کی حامل ہے۔افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں، حکومت اس حوالہ سے اپناکرداراداکررہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کوبھی اپنا مثبت اورتعمیری کرداراداکرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی اورنمومیں نجی شعبہ کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے۔ حکومت پالیسی فریم ورک اورپالیسیوں کے تسلسل کویقینی بنائے گی تاہم ترقی کے انجن کاکردار نجی شعبہ کواداکرناہے۔حکومت ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کومکمل سہولیات فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ معاشی اصلاحات کاتسلسل جاری رہے گا، سرکاری ملکیتی اداروں کایومیہ خسارہ 2.2ارب روپے ہے، گزشتہ دس برسوں میں ایس اوایز کاخسارہ 6ٹریلین روپے رہاہے،حکومت نجکاری کے پروگرام پرعمل پیراہے اوراس عمل کوشفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جارہاہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button