گزشتہ روز آئل ٹینکرز ایک کروڑ 50 لاکھ بیرل خام تیل لیکر آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے: امریکی نائب صدر کا دعویٰ

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز آئل ٹینکرز ایک کروڑ 50 لاکھ بیرل خام تیل لیکر آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے امریکا میں پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا ذمہ دار تیل بردار جہازوں پر ہونے والے ایرانی حملوں کو قرار دیا ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ ’بنیادی حقیقت یہ ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں اتنی زیادہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ایرانی تجارتی جہازوں پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ جب ایرانی تجارتی جہازوں کو نشانہ بناتے ہیں تو ظاہر ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ کچھ جہاز وہاں سے گزرنا نہیں چاہتے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود گزشتہ روز ایک کروڑ 50 لاکھ بیرل خام تیل آبنائے ہرمز سے گزرا۔
عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق ایران جنگ سے قبل آبنائے ہرمز سے یومیہ 2 کروڑ بیرل خام تیل گزرتا تھا۔



