قومی

خواجہ آصف کے بارے میں بلاول کا رویہ اچھا نہیں تھا،بلاول کی تقاریر حالات خراب کرسکتی ہیں: رانا ثنا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نےکہا ہےکہ بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر حالات خراب کرسکتی ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو نامناسب قرار دیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کے بارے میں بلاول کا رویہ اچھا نہیں تھا، ان کو ووٹ کے لیے نفرت کی نہیں بلکہ قومی لیڈر بن کر بات کرنی چاہیے، مسلم لیگ ن میں کسی کو لات مار کر نکالنےکی روایت نہ تھی اور نہ ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو آزادکشمیر کے وزیر اعظم فیصل راٹھور نےکالعدم قرار دیا، وفاقی حکومت نے اس فیصلےکی حمایت کی، وفاقی حکومت اس فیصلے کی پشت پر کھڑی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اشاروں اور باتوں باتوں میں اس فیصلےکی مخالفت کر رہے ہیں۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی اور کشمیرحکومت کی پالیسی ہے کہ دھرنے والوں کو انگیج کیاجائے، ایکشن نہ لیا جائے، حکومت کی واضح لائن ہے پہلے دھرنا ختم کریں، اس کے بعد مطالبات پر غور ہوسکتا ہے، دھرنا اور احتجاج راولاکوٹ تک محدود ہے،باقی کشمیر میں الیکشن مہم جاری ہے، ہم نے دھرنے والوں سےکہا کہ لانگ مارچ مؤخر کرلیں، الیکشن ہونے دیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان کے تمام مطالبات پورے ہوگئے، صرف سیٹوں کے اور ایک دو اور مطالبات ہیں، دھرنے والوں سےکہا کہ وہ کشمیر کی آل پارٹیزکانفرنس میں ایجنڈا رکھیں، کالعدم ایکشن کمیٹی 9 جون کو دھرنے پر بضد تھی، ایکشن کمیٹی کے پیچھے ایسی قوتیں تھیں جو چاہتی تھیں کہ مظفرآبادکا گھیراؤ کرلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جی بی کو عبوری صوبہ بنانے پر پارلیمان میں بحث ہونی چاہیے، سینیٹ میں گلگت بلتستان کی نمائندگی ہوسکتی ہے، جی بی اسمبلی نمائندے بھیج سکتی ہے، جموں کشمیرکی تحریک آزادی کو آئینی نقصان نہ ہو تو عبوری اسٹیٹس دینے میں حرج نہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انوارالحق کی حکومت کے بعد ہم نےکہا کہ نئے انتخابات کرائے جائیں لیکن پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمیں چار پانچ ماہ حکومت کرنا ہے، کشمیر میں پیپلزپارٹی نے حکومت بنالی، ہم اپوزیشن میں بیٹھے، اگر اس وقت الیکشن ہوجاتے تو آج دھرنے اور احتجاج کی نوبت نہ آتی۔

عمران خان کی بہن کے متنازع بیان کے حوالے سے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ بیان بانی پی ٹی آئی کی سوچ ہے، ان کی بہن کا بیان نہیں، اب سمجھ آگئی نا! بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کیوں بند ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہن گھریلو خاتون ہیں، ان کو اس کی سمجھ نہیں، وہ ہمارے لیے باعث احترام ہیں، یہ باتیں بانی پی ٹی آئی دیگر لوگوں سے بھی کرتے ہیں، یہ بیانیہ بانی پی ٹی آئی کا ہے اور آخری ملاقات کا شاخسانہ ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button