خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت کیخلاف نیب کارروائیاں تیز، متعدد افراد کو نوٹسز جاری کردیےگئے: ثمر ہارون بلور

پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت کےخلاف نیب کارروائیاں تیز ہوگئیں۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق نیب نے 13 نومبر کو دو اہم انکوائریوں کے سلسلے میں متعدد افراد کو نوٹسز جاری کردیے۔
انہوں نے کہا سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے اہلخانہ کی کاروباری شراکت داریوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق ڈاکٹر امجد علی کے خلاف جاری انکوائری میں 9 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری کے معاملے پر 5 افراد کو بطور گواہ طلب کیا گیا ہے، مذکورہ جائیداد کی خریداری کے لیے کی جانے والی 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی چھان بین جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے پانچوں افراد کو 19 نومبر کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم جاری کردیا جبکہ ڈاکٹر امجد علی کے کیس میں دوسرا کال اپ نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے مزید بتایا کہ ایک گواہ کو 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ 4 نجی کمپنیوں کا بینک ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔



