قومی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جہانگیر ترین سے ملاقات، جنوبی اضلاع کے محروم بچوں کو تعلیمی سہولیات اور اسکالرشپس کی فراہمی پر تبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود، تعلیم اور ترقی کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی سیاسی، سماجی اور فلاحی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ پنجاب سے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں تک ترین فائونڈیشن کے فلاحی منصوبوں کا آغاز خوش آئند اقدام ہے۔

گورنر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے پسماندہ علاقوں کو بھی ترین فائونڈیشن کے فلاحی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان علاقوں کے محروم بچوں کو تعلیمی سہولیات اور اسکالرشپس کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے نہ صرف بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع میسر آئیں گے بلکہ ان کے روشن مستقبل کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ترین فائونڈیشن کے فلاحی منصوبوں اور تعلیمی خدمات کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button