پاکستان کے تاریخی ورثے کی عالمی سطح پر پذیرائی، ملائیشیا میں ثقافتی نمائش، ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ کی شرکت

پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا میں پاکستان کی تاریخ، تہذیب و ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نمائش کا انعقاد کیا گیا ۔پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ، ہیڈ آف کمیونٹی ویلفیئر حمزہ نوید، ملائیشیا کی معروف کاروباری شخصیت عبدالجبّار اور ہیڈ آف چانسری رضوان صدیقی نے نمائش میں شرکت کی۔پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے نمائش میں رکھی گئی تاریخی اور ثقافتی اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فاروق ریاض میوزیم گجرات کے بانی فاروق ریاض چوہدری کی اس منفرد کاوش کو سراہا جو ثقافتی ورثے کے وفد کے ہمراہ پاکستان کی تاریخ، تہذیب و ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ملائیشیا پہنچے۔
ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے آئندہ سال بھی اس نمائش کو مزید بھرپور اور شاندار انداز میں منعقد کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس ثقافتی وفد میں گجرات میوزیم کے تاریخی مقام رام پیاری محل کی کیوریٹر مس شاہ بانو کے علاوہ گجرات سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔ نمائش میں شریک مہمانوں نے پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس منفرد اقدام کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان کی شاندار تاریخ، تہذیب و ثقافت اور قومی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھا جائے۔ یہ نمائش پاکستان کے تاریخی و ثقافتی تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔



