شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی تعلیمات ہماری قومی ترقی کی بنیاد ہیں،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کا فلسفہ خودی، غیرت و حمیت اور خودداری کا پیغام پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک خوددار، باوقار اورخودمختار قوم بننے کا تصور دیا، جس کی روشنی میں پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اقبالؒ کے افکار و تعلیمات ہماری قومی ترقی، خودمختاری اور اتحاد کی بنیاد ہیں۔
اتوار کویومِ اقبالؒ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے تصورِ پاکستان کی تکمیل کے لیےمضبوط قومی دفاع، مستحکم معیشت اور قومی یکجہتی ناگزیر ہیں۔ ان کے نزدیک ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ناقابلِ تسخیر پاکستان ہی اقبالؒ کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی محافظ ہیں۔ پاک فوج نے ملکی دفاع اوراستحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، افواجِ پاکستان کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں وطن کے دفاع اورقومی سلامتی کی ذمہ داریاں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے ادا کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہینوں کے نام علامہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی نوجوان نسل میں بلند حوصلے، خوداعتمادی اور عزم و استقلال کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ ہمیں اقبالؒ کے افکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی،استحکام اور ترقی کے لیے پوری قوم اپنے قومی اداروں اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ اقبالؒ ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اتحاد، خودداری اور قومی جذبے کے ساتھ ایک مضبوط، خوشحال اور ناقابلِ تسخیر پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔



