علامہ اقبال کے 150ویں جشنِ ولادت کی تقریبات کا آغاز:اقبال کا آفاقی پیغام نئی نسل تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،اورنگ زیب خان کھچی

اقبال اکادمی پاکستان کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق، حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال کے 150ویں جشنِ ولادت کی قومی و بین الاقوامی تقریبات کا شاندار افتتاح مزارِ اقبال لاہور میں ہوا۔ وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اور صدر اقبال اکادمی پاکستان اورنگ زیب خان کھچی نے مزارِ اقبال پر فیتہ کاٹ کر تقریبات کا باضابطہ آغاز کیا اور مزار پر حاضری دی۔اس سلسلے میں اقبال ہال، مزارِ اقبال میں منعقدہ افتتاحی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر اورنگ زیب خان کھچی نے کی جبکہ سابق سینیٹر ولید اقبال اور ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغِ قومی زبان ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پرو چانسلر تعمیر نو یونیورسٹی بلوچستان جناب حافظ محمد طاہر، ماہر تعلیم و اقبالیات پروفیسر نورالامین یوسفزئی (خیبرپختونخوا) مہمانانِ اعزاز تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اورنگ زیب خان کھچی نے کہا کہ علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات ہماری قومی، علمی اور تہذیبی تاریخ کا اہم سنگِ میل ہیں۔ حکومتِ 9 نومبر 2026ء سے 9 نومبر 2027ء تک قومی و بین الاقوامی سطح پر مختلف علمی، ادبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فکرِ اقبال کا فروغ، قومی ورثے کا تحفظ اور نوجوان نسل کو اقبال کے آفاقی پیغام سے روشناس کرانا ہماری اولین ترجیحات ہیں۔جناب ولید اقبال نے اپنے اظہارِ خیال میں فکرِ اقبال کی عصری معنویت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام کسی ایک عہد تک محدود نہیں بلکہ آج بھی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اقبال کے تصورِ خودی، خوداعتمادی اور مسلسل جدوجہد کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے علامہ اقبال کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے اردو اور فارسی شاعری کو فکری و فلسفیانہ بلندی عطا کی۔ ان کے کلام میں انسانی عظمت، تہذیبی شعور اور علم و عمل کا جو پیغام موجود ہے، وہ آج بھی پوری انسانیت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اقبالیاتی تحقیق، تراجم اور نئی نسل میں مطالعۂ اقبال کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقبال اکادمی پاکستان علامہ اقبال کی فکری و ادبی میراث کے تحفظ، تحقیق و اشاعت اور عالمی سطح پر فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔واضح رہے کہ علامہ اقبال کے 150ویں جشنِ ولادت کے سلسلے میں اقبال اکادمی پاکستان کے زیرِ اہتمام 8 اور 9 نومبر کو حضوری باغ اور اقبال ہال، لاہور میں بین الاقوامی اقبال کانفرنس، کلام اقبال پر مبنی مقابلہ جات، مشاعرہ و محفل موسیقی سمیت مختلف علمی، ادبی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔



