سینیٹر اعظم نذیرتارڑ کی سپریم کورٹ بار انتخابات میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر سید امجد شاہ اور ان کے پورے پینل کو مبارک باد

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق احسن بھون کے انڈیپنڈنٹ گروپ نے صدارتی نشست پر کامیابی حاصل کر لی ہے، سید امجد شاہ 1,322 ووٹ لے کر پہلے جبکہ پروفیشنل گروپ کے سردار امان خان 791 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی پر سید امجد شاہ اور ان کے پورے پینل کو مبارک باد دی ہے۔جمعرات کو وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی مسلسل کامیابیاں وکلا کا احسن بھون کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ نے ہمیشہ وکلا کی فلاح و بہبود اور بار کی عزت و تکریم کو ترجیح دی ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر مرحومہ کی اصولی جدوجہد اور قانون کی بالادستی کے لیے ان کی خدمات وکلا برادری کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی نئی قیادت وکلا کی فلاح و بہبود اور بار کے وقار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ملک بھر کے 13 پولنگ اسٹیشنز میں سے 10 کے نتائج کے مطابق انڈیپنڈنٹ گروپ کو مجموعی طور پر برتری حاصل ہوئی۔ لاہور میں سید امجد شاہ نے 640 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار امان خان کو 410 ووٹ ملے۔
پشاور میں امجد شاہ کو 183 اور امان خان کو 116 ووٹ ملے، جبکہ ملتان میں دونوں امیدواروں نے بالترتیب 127 اور 116 ووٹ حاصل کیے۔ایبٹ آباد میں سید امجد شاہ نے 71 جبکہ سردار امان خان نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ بہاولپور میں امجد شاہ کو 82 اور امان خان کو 46 ووٹ ملے۔ حیدرآباد میں امجد شاہ نے 60 جبکہ امان خان نے 39 ووٹ حاصل کیے۔سکھر میں سید امجد شاہ کو 52 اور سردار امان خان کو 9 ووٹ ملے۔ ڈی آئی خان میں امجد شاہ نے 37 جبکہ امان خان نے 7 ووٹ حاصل کیے۔ سوات میں دونوں امیدواروں کو بالترتیب 37 اور 21 ووٹ ملے، جبکہ بنوں میں امجد شاہ نے 33 اور امان خان نے 12 ووٹ حاصل کیے۔اسلام آباد سے موصولہ نتائج کے مطابق صدارتی نشست پر سید امجد شاہ نے 355 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ سردار امان خان کو 264 ووٹ ملے۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پر محمد عارف اعوان 305 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ میاں عرفان اکرام نے 288 ووٹ حاصل کیے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔



