عالمی

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے مواخذے کی کوشش کو تماشا قرار دے دیا

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے منگل کے روز ایران جنگ میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں اپنے مواخذے کی کوششوں کو ایک تماشا اور تخریب کاری قرار دیا ہے، جس سے ان کے بقول دشمنوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے یہ تبصرہ کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی کی جانب سے ان کے خلاف مواخذے کے 8 آرٹیکلز پیش کیے جانے کے ایک روز بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

مئی کے بعد پینٹاگون میں اپنی پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیگسیتھ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ماضی کے مواخذے بھی بالآخر ناکام ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’دونوں بار وہ مزید مضبوط ہو کر واپس آئے اور امریکی عوام نے انہیں واپس وائٹ ہاؤس بھیج دیا۔ اب وہ تیسری بار کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس بار ان کی کابینہ کے ایک رکن کے خلاف‘۔

پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ مواخذے کی کوشش کرنے والے ’دوبارہ ناکام ہوں گے اور اگر صدر ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے میرا شمار ان کے ساتھ ہوتا ہے، تو میں ہر روز ایسا کرنے کو تیار ہوں‘۔

مواخذے کی کارروائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ حب الوطنی نہیں ہے۔ یہ تخریب کاری ہے۔ یہ عمل ہمارے دشمنوں کو پروپیگنڈے کی فتح دے رہا ہے‘۔

ایران جنگ کا دفاع کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ’میں ان میں سے ہر ایک فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ مجھے ان پر عمل درآمد کرنے پر فخر تھا اور اگر مجھے کل دوبارہ ایسا کرنا پڑا تو میں کروں گا‘۔

پیٹ ہیگسیتھ سے نائب صدر جے ڈی وینس کے اس حالیہ بیان پر بھی سوال پوچھا گیا کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران جنگ رواں ماہ کے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی بڑی وجہ تھی۔

ہیگسیتھ نے جواب دیا کہ اس تنازع سے سبق سیکھے جائیں گے اور ان کا اطلاق کیا جائے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ’یہ جنگ درست وجوہات کی بنا پر کی گئی تھی، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے‘۔

پینٹاگون میں اس پریس کانفرنس کے ختم ہوتے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک پوسٹ میں ہیگسیتھ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پیٹ ہیگسیٹتھ کو ایک ناراض، غصے میں بھرے، ہارے ہوئے سابق کانگریس مین تھامس میسی جیسے ایک مکمل ناکام شخص کے خلاف اپنا بہترین دفاع کرنے پر ‘اے پلس پلس پلس’ملتا ہے‘۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button