کرسٹیانورونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن، ابتدائی سکواڈ میں شامل

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی کوچ جارج جیزس سے اختلافات کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ پرتگال فٹ بال فیڈریشن کے ایک ذرائع کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو آئندہ ماہ نیشنز لیگ کے میچوں کے لیے ابتدائی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔کرسٹیانو رونالڈو 30 ستمبر کو نیشنز لیگ کے ابتدائی کوالیفائنگ مرحلے کے دوران اچانک پرتگال کے تربیتی کیمپ سے چلے گئے تھے۔ بعدازاں انہوں نے کوچ جارج جیزس پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ناروے کے خلاف میچ میں کھیلنے کا وقت دینے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، جس پر عمل نہیں کیا گیا۔پرتگالی فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان نے کرسٹیانو رونالڈو کی ممکنہ واپسی سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوچ جارج جیزس 6 نومبر کو حتمی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔ پرتگال کو 14 نومبر کو ڈنمارک کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر جبکہ 17 نومبر کو ویلز میں میچ کھیلنا ہے۔فیڈریشن نے گزشتہ ہفتے کرسٹیانو رونالڈو کو ٹیم چھوڑنے پر 30 روزہ معطلی کی سزا بھی سنائی تھی، تاہم سزا کا اطلاق ماضی سے شمار ہونے کے باعث وہ رواں ہفتے کے اختتام تک واپسی کے اہل ہوجائیں گے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے اکتوبر کے آغاز میں شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی سزا کو قبول کریں گے۔ انہوں نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی بھی تردید کی تھی۔دفاعی چیمپئن پرتگال نے نیشنز لیگ کے ابتدائی 4 میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، ان میں 3 میچ کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر کھیلے گئے۔ کرسٹیانو رونالڈو مردوں کی بین الاقوامی فٹ بال تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2003 میں 18 سال کی عمر میں پرتگال کی جانب سے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور عندیہ دیا ہے کہ 2026 ممکنہ طور پر ان کے فٹ بال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔



