پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا بابائے قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا قائداعظم کی 78ویں برسی پر پیغام

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا بابائے قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود پوری قوم کی مشترکہ اور اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔جمعرات کو بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 78 ویں برسی پر پوری قوم اپنے عظیم رہبر کی بصیرت افروز قیادت، باشعور سیاسی حکمت عملی اور بے لوث قومی رہنمائی پر دلی خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے وہ ممتاز رہنما ہیں جنہوں نےتاریخ کا دھارا موڑ کر انتہائی نامساعد حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کی راہ ہموار کی، قائد اعظم نے مسلمانان برصغیر کو مذہبی، تہذیبی اور نظریاتی شناخت کے تخفظ کے لئے متحد ہو کر جدوجہد کرنے کا عزم و حوصلہ دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی بصیرت، دوراندیشی اور بہترین قیادت کی بدولت تحریک آزادی کامیابی سے آگے بڑھی اور مسلمانوں کی نظریاتی آزادی، سیاسی و مذہبی حقوق اور معاشی و معاشرتی ترقی کے ضامن، ایک آزاد مملکت کا خواب، پاکستان کی صورت تکمیل کو پہنچا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم نے نوزائیدہ مملکت کو درپیش کٹھن انتظامی، مالیاتی مسائل اور لاکھوں افراد کی نقل مکانی اور نظام حکومت کو چلانے سمیت تمام چیلنجز کو مدبرانہ اور پر اعتماد انداز میں سنبھالا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر قائم ہے جو بلا تفریق رنگ ونسل شہری و مذہبی آزادی اور یکساں بنیادی حقوق و فرائض پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود پوری قوم کی مشترکہ اور اجتماعی کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم بحیثیت قوم قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر کار بند رہنے کا تجدید عہد کریں۔
قائد کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے غیر متزلزل وابستگی، آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کے لئے رہنما اور تابناک قومی مستقبل کے لیے مشعل راہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم کی میراث کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم قومی یکجہتی، معاشرتی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسا ملک ورثے میں ملے جو عظیم قائد کے افکار و نظریات کا حقیقی آئینہ دار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج ساری قوم بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بلندی درجات کے لئے دعا گو ہے، اللہ تعالیٰ ان کو اپنی جوار رحمت میں بلند درجہ عطا فرمائے۔



