کھیلوں کی دنیا

بھارتی بورڈ نے روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے لارڈز ون ڈے کو روہت شرما کا آخری میچ قرار دیے جانے کی خبروں کو مسترد کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی سیکرٹری نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی لہٰذا لارڈز میں تیسرا ون ڈے ان کا آخری انٹرنیشنل ون ڈے میچ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں اور لارڈز ون ڈے کو ان کا آخری میچ قرار دینے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

بی سی سی آئی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ روہت شرما بھارتی ون ڈے ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور جب تک وہ ٹیم کے منصوبوں کا حصہ ہیں، ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے، فی الحال پوری ٹیم کی توجہ ابھی انگلینڈ کے خلاف اہم میچ پر مرکوز ہے اس لیے ایسی قیاس آرائیوں پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ بعض بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلیکٹرز نے 2027 کے ون ڈے ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر تجربہ کار اوپنر روہت شرما کے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے باعث لارڈز ون ڈے ان کا آخری بین الاقوامی میچ ہو سکتا ہے۔

روہت شرما کے مستقبل سے متعلق افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو ون ڈے میچز میں وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے۔

روہت شرما نے انگلش ٹیم کے خلاف پہلے ون ڈے میں 11 اور دوسرے ون ڈے میں 26 رنز بنائے تھے جس کے بعد ان کی فارم اور مستقبل پر سوالات اٹھائے جانے لگے تھے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button