کھیلوں کی دنیا

کینیا کے ایتھلیٹ البرٹ کوریئر پر ڈوپنگ کے اعتراف کے بعد 5سال کی پابندی عائد

کینیا سے تعلق رکھنے والے معروف میراتھن ایتھلیٹ البرٹ کوریئر پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کرنے کے بعد 5 سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ کے مطابق 32 سالہ ایتھلیٹ کے نمونوں میں اکتوبر 2025 کے دوران تین مختلف آؤٹ آف کمپیٹیشن ٹیسٹس میں ممنوعہ دوا(سی ای آر اے )پائی گئی، جو خون میں آکسیجن کی مقدار بڑھانے والی ایک طاقتور دوا ہے اور ای پی او کی جدید شکل سمجھی جاتی ہے۔بی بی سی کے مطابق ادارے کا کہنا ہے کہ یہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ کھلاڑی نے متعدد مواقع پر ممنوعہ دواکا استعمال کیا۔ پابندی کا اطلاق 7 جنوری 2031 تک رہے گا جبکہ خلاف ورزی کا اعتراف کرنے پر سزا میں ایک سال کی کمی بھی کی گئی ہے۔

ڈوپنگ کیس کے باعث اکتوبر 2025 کے بعد البرٹ کوریئر کے تمام نتائج کالعدم قرار دے دئیے گئے ہیں، جن میں نیویارک میراتھن میں گزشتہ نومبر حاصل کی گئی تیسری پوزیشن بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ البرٹ کوریئر نے 2019 میں نیویارک میراتھن میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ 2021 میں 2 گھنٹے 8 منٹ اور 22سیکنڈ زکے وقت کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ وہ 2023 میں بھی رنر اپ رہے جبکہ 2024 میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔دوسری جانب گزشتہ برس خواتین کی میراتھن کی عالمی ریکارڈ ہولڈر روتھ چیپنگیٹچ پر بھی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تسلیم کرنے کے بعد 3 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button