ٹاپ نیوز

وفاقی حکومت کے 38 ارب روپے سے ملک کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کے تحت 12.1 ملین مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے امدادی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کی جا رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وفاقی حکومت کے 38 ارب روپے سے ملک کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کے تحت 12.1 ملین مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے امدادی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کی جا رہی ہے، 64 فیصد مستحقین کو امدادی رقم منتقل کی جا چکی ہے۔ یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو اپنی زیر صدارت وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے حوالے سے وزیر اعظم ہائوس میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال کی پانچ ہزار روپے کی امدادی رقم کو بڑھا کر 13 ہزار فی خاندان کیا گیا ہے تاکہ مستحق افراد کی رمضان کے بابرکت مہینے میں مناسب مالی مدد ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکیج ہے، پچھلے سال کے کامیاب تجربے کے بعد وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کی تقسیم بھی اسی شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد مستحق افراد تک پہنچائی جا رہی ہے۔

انہوں نے رمضان پیکیج کے لئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مستحق افراد کو رقم کی فراہمی ایک انتہائی شفاف اور سہل ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے جس سے لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی۔ اجلاس میں پی ایم رمضان ریلیف پیکیج 2026 پر پیشرفت کے حوالےسے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال 8 رمضان المبارک تک 64 فیصد مستحق افراد تک رقوم پہنچائی جا چکی ہیں، مزید مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی کے لیے تصدیق اور جانچ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سال 12 بینک اور فنانشل ٹیکنالوجیز کی کمپنیاں رقوم کی تقسیم میں حکومت کی شراکت دار ہیں۔ بریفنگ کے مطابق رمضان پیکیج میں شامل مستحقین اب تک 1.1 ملین ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر چکے ہیں جبکہ پی ایم رمضان پیکیج کی آگاہی کے حوالے سے مستحق افراد کو اب تک 12 لاکھ 27 سے زائد خود کار کالز کی جا چکی ہیں، رمضان پیکیج کا دائرہ کار پورے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی پھیلایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل والٹس ڈیٹا پر مبنی مالی نظام کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

ریئل ٹائم ڈیش بورڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی اپ ڈیٹ کی ذریعے شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم رمضان پیکیج کے حوالے سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button