قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس، افواج پاکستان کی طرح ملک کی ڈیجیٹل سرحدوں کے محافظ بھی ہمارے ہیرو ہیں، سید امین الحق

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے چیئرمین سید امین الحق نے پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرنے والی سائبر سکیورٹی ٹیموں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ٹیموں کی غیر معمولی کارکردگی خاص طور پر مئی 2025ء کے تنازع کے دوران سائبر حملوں کو ناکام بنانے کے عمل نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے اعلان کیا کہ پاکستان کی اپنی تیار کردہ کمیونیکیشن ایپ ’’بیپ پاکستان‘‘(Beep Pakistan) بہت جلد باقاعدہ طور پر لانچ کر دی جائے گی۔ پائیدار انفراسٹرکچر کی جانب ایک بڑے قدم کے طور پر کمیٹی نے سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) کے مالی مطالبات کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے تحت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں نصب تمام بی ٹی ایس ٹاورز کو شمسی توانائی (سولر) پر منتقل کیا جائے گا۔فائیو جی نیلامی اور ٹیلی کام انضمام کے حوالے سے سید امین الحق نے پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ 10 مارچ کو ہونے والی فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کو ہر صورت شفاف بنایا جائے اور عام آدمی کے لیے سستے پیکجز کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ یوفون اور ٹیلی نار کا انضمام نیلامی سے قبل اس طرح مکمل ہو کہ مارکیٹ میں کسی ایک کمپنی کی اجارہ داری قائم نہ ہو۔ چیئرمین کمیٹی نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت آئی ٹی کو جون 2026; تک منصوبہ مکمل کرنے کی حتمی مہلت دے دی ہے۔ کراچی آئی ٹی پارک کے لیے مستند کنٹریکٹر کی تعیناتی کی ذمہ داری ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی کے سپرد کی گئی ہے۔ویب مینجمنٹ سسٹم (ڈبلیو ایم ایس) اور سوشل میڈیا اجلاس میں ’’فائر وال‘‘ کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات پر سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ ملک میں کوئی نئی فائر وال نہیں بلکہ 2006ء سے ’’ویب مینجمنٹ سسٹم‘‘ کام کر رہا ہے جو اب تک 4 بار اپ گریڈ ہو چکا ہے۔ اس سسٹم کا مقصد گرے ٹریفک روکنا اور ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت ہے جس سے انٹرنیٹ کی رفتار پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ کی بندش حکومتی اور عدالتی احکامات کے تحت اسی سسٹم سے کی گئی۔ڈی جی نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) حیدر عباس نے بتایا کہ گزشتہ سال دشمن کے 500 سے زائد بڑے سائبر حملے ناکام بنائے گئے جبکہ رواں سال یکم جنوری سے اب تک 100 حملے ناکام کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائبر جنگ کی کوئی ابتدا یا انتہا نہیں ہوتی، یہ ایک مسلسل عمل ہے۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بریفنگ دی کہ فائیو جی نیلامی کے لیے 3 آپریٹرز نے 15 ملین ڈالر فی کس زر ضمانت جمع کرا دیا ہے۔ نیلامی سے فور جی کی سپیڈ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور پہلے مرحلے میں فائیو جی سروسز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں فراہم کی جائیں گی۔



