کاروباری

وفاقی وزیر پٹرولیم سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات، باہمی تعاون کے مختلف شعبوں اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے جاری تعاون کا جائزہ لیا اور بالخصوص توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کے مواقع کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ریاض میں حال ہی میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہا اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پلیٹ فارم علاقائی تعاون کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے پاس معدنیات اور توانائی کے دونوں شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔

وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ٹھوس نتائج ،سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اقدامات کو فروغ دیں گے۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے آئندہ عرصے میں اقتصادی اور سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button