قومی

آئین پاکستان تمام قومیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، اعظم نذیر تارڑ کا کرسمس تقریب سےخطاب

وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، اقلیتی برادری کے دیرینہ مطالبہ پر وزارت قانون نے پہلے قومی اقلیتی کمیشن کے قیام کا مسودہ وفاقی کابینہ کو پیش کر دیا ہے جو کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے خوشی کی خبر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے تعاون سے ”دی اسلام آباد کرسچین فیلوشپ” کے زیراہتمام کرسمس کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان، سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے تشکیل دیئے گئے ون مین منیارٹی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب سڈل، سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر، سابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔

وزیر قانون نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کیلئے کرسمس کے موقع پر خوشی کی خبر بھی شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ اقلیتوں کے دیرینہ مطالبہ پر پہلا قومی اقلیتی کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے جسے گذشتہ روز وفاقی کابینہ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں یہ مسودہ جلد پیش کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا قومی اقلیتی کمیشن مکمل بااختیار ہو گا تاکہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ”دی اسلام آباد کرسچین فیلوشپ” کو اس کامیاب تقریب کے انعقاد اور مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ بھی اظہار ہمدردی کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے رنجیدہ ہیں۔

اس موقع پر تقریب کے مہتمم کیپٹن (ر) بابر برنارڈ مسیح نے وفاقی وزیر دیگر مہمانان گرامی کا تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کیا اور ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اقلیتی برادری بالخصوص مسیحیوں کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ دستاویزی فلم میں ڈاکٹر ایس کے ٹریسلر، گروپ کیپٹن (ر) سوشل سیسل چوہدری (ستارہ جرأت)، میجر جنرل (ر) کھوکھر (ہلال امتیاز)، سابق ایس ایس پی پولیس روبن یامین سہوترا، ڈاکٹر روتھ فائو، ڈاکٹر شیلا چائو، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر رابرٹ اور ملکی دفاع کیلئے قربانیاں دینے والے افسران کے علاوہ صحت، تعلیم، جوہری توانائی، سول سروس و دیگر نمایاں شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والوں کے کارہائے نمایاں کی عکاسی کی گئی۔

تقریب سے بشپ آزاد مائیکل اور ڈاکٹر شعیب سڈل نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تاریخی حوالے دیئے۔ قبل ازیں کرسمس کے حوالہ سے ٹیبلو، کارلوس اور مذہبی گیت بھی پیش کئے گئے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ منتظمین کی طرف سے معزز مہمانان گرامی کو شیلڈز اور پھول بھی پیش کئے گئے۔ تقریب کا اختتام ملک و قوم کی ترقی ،خوشحالی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا ۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button