قومی

وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ بارے اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، وزارت منصوبہ بندی کے ایڈیشنل سیکرٹری، پلاننگ کمیشن کے اراکین، مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔جمعہ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف اہم شعبوں میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔وزارت ریلوے اور مواصلات نے ایم ایل-1 اور قراقرم ہائی وے منصوبوں کی حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا۔

ایم ایل-1 منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چینی وزیراعظم کی جانب سے تکنیکی ماہرین کی پاکستان آمد کے وعدے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی سفیر کے ساتھ حالیہ ملاقات میں مالی ماہرین کی ٹیم کی شمولیت پر بھی اتفاق ہوا ہے تاکہ منصوبے کے تمام امور بروقت حل کیے جا سکیں۔ قراقرم ہائی وے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو چینی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو تیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہ سٹریٹجک منصوبہ سی پیک فیز II کے تحت بروقت مکمل کیا جا سکے۔خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کے حوالے سے احسن اقبال نے چین کی استعداد اور مہارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے چین سے دو ماڈل صنعتی زونز کی ترقی کی درخواست کی ہے جو ٹرن کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں گے اور دیگر زونز کے لیے معیار کا تعین کریں گے۔

انہوں نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو اسلام آباد میں زونز کی ترقی کے لیے زمین کے حصول کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں بجلی کی فراہمی کے لیے پاور ڈویژن اور پیسکو کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔گوادر میں ٹیکس چھوٹ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ فنانس ایکٹ کے تحت چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی اور دیگر فری زون کاروباری ادارے ٹیکس چھوٹ کے اہل ہیں۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔زراعت کے شعبے میں 1000 پاکستانی فارغ التحصیل طلبہ کی چین میں تربیت کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

احسن اقبال نے ہدایت دی کہ تربیت کے لیے جانے والے ماہرین کو مکمل سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ منتخب طلبہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور مشینری میں مہارت حاصل کریں گے اور پاکستان کے زرعی شعبے کو جدید بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ رمضان المبارک کے دوران حلال کھانے اور خصوصی انتظامات کی بھی ہدایت دی گئی۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جلد ہی فائیو ایز نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کریں گے جو ملکی ترقی کا ایک مربوط خاکہ فراہم کرے گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button