عالمی

امریکا کی برطانیہ کو بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈٹر مپ نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکا برطانوی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ ٹیکس امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، جن میں گوگل، ایپل اور میٹا شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کا ڈیجیٹل سروسز ٹیکس بڑے سرچ انجنز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن مارکیٹ پلیسز کی آمدنی پر 2 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہم امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنائے جانے کو پسند نہیں کرتےاور خبردار کیا کہ اگر ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو امریکا برطانیہ پر بڑے پیمانے پر تجارتی محصولات نافذ کر سکتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ کے محکمہ محصولات کو اس ٹیکس سے مالی سال 2025-2026 میں 944 ملین پاؤنڈ (تقریباً 1.3 ارب ڈالر) آمدنی ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے، جبکہ اندازہ ہے کہ 2030 تک یہ رقم سالانہ 1.4 ارب پاؤنڈ تک پہنچ سکتی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کا مؤقف ہے کہ یہ ٹیکس اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک عالمی سطح پر ٹیکس سے متعلق کوئی متفقہ نظام نہیں بن جاتا، اور اس کا مقصد ڈیجیٹل کمپنیوں کو ان ممالک میں ٹیکس ادا کرنے کا پابند بنانا ہے جہاں وہ آمدنی حاصل کرتی ہیں۔یاد رہے کہ امریکا اور یورپی ممالک کے درمیان ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر اختلافات کئی برسوں سے برقرار ہیں، جہاں امریکا اسےاپنی کمپنیوں کے خلاف اقدام قرار دیتا ہے جبکہ یورپی ممالک اسے منصفانہ ٹیکس نظام کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button