کاروباری

ایس ای سی پی نے ستارہ پٹرولیم اور ایل ایس ای سپیک ون کے آئی پی اوز کی منظوری دے دی

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر لسٹنگ کے لیے دو مزید ابتدائی عوامی پیشکشوں ، پٹرولیم سروس لمیٹڈ اور ایل ایس ای سپیک ون کی منظوری دے دی ہے۔ علاقائی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے آئی پی اوز کی پیشکشوں کا تسلسل ، پاکستان کی کپیٹل مارکیٹ کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ان نئے آئی پی اوز کے بعد رواں مالی سال میں سٹاک مارکیٹ میں آئی پی اوز کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

یہ نئے آئی پی اوز ظاہر کرتے ہیں کہ کمپنیاں کاروباری توسیع کے لیے سرمائے کے حصول کی خاطر کیپٹل مارکیٹ کا رخ کر رہی ہیں جو مجموعی معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ستارہ پٹرولیم سروس لمیٹڈ ایندھن کی تجارت، ریٹیل فروخت اور لاجسٹک خدمات سے وابستہ ہے۔ اس پبلک آفرنگ کے تحت کمپنی 168 ملین عام حصص بک بلڈنگ طریقہ کار کے ذریعے فروخت کے لیے پیش کرے گی۔ یہ پیشکش کمپنی کے آئی پی او کے بعد ادا شدہ سرمائے کا 16.66 فیصد بنتی ہے۔ پیش کیے جانے والے کل حصص میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہائی نیٹ ورتھ افراد کے لیے مختص ہوں گے جبکہ 25 فیصد عام سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائیں گے۔

ایل ایس ای سی پی اے سی ون پاکستان کی پہلی سپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنی ہے جو پبلک آفرنگ نظام کے تحت متعارف ہو رہی ہے۔ کمپنی اپنے منصوبے کے مطابق تین سال کے اندر دیگر کمپنیوں کے ساتھ انضمام یا ان میں سرمایہ کاری کے لیے فنڈز حاصل کرے گی۔ اس ضمن میں کمپنی نے ننگبو گرین لائٹ انرجی لمیٹڈ میں 19.04 فیصد حصص حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ آئی پی او 5 ملین حصص پر مشتمل ہوگا جو فکسڈ پرائس طریقہ کار کے تحت پیش کیے جائیں گے۔ایس ای سی پی نے دونوں آئی پی اوز کے پراسپیکٹس جاری کرنے اور شائع کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ سرمایہ کاروں کو تجویز کیا جاتا ہے کہ وہ سرمایہ کاری سے قبل پراسپیکٹس کا بغور جائزہ لیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button