جاپان کے جنگلات میں ہولناک آگ، ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو نے کی ہدایت

جاپان کے شمال مشرقی صوبے ایواتے کے جنگلات میں لگی شدید آگ کے باعث مقامی حکام نے ایک ہزار سےزیادہ رہائشیوں کو فوری طور پر گھرچھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق جاپانی حکام نے بے قابو ہوتی ہوئی آگ پر قابو پانے کے لیے فوج سے بھی مدد طلب کر لی ہے۔پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے دو مختلف واقعات ایک ہی قصبے اوٹسوچی میں پیش آئے۔ پہلی آگ دوپہر کے وقت کوزوچی نامی علاقے میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی عمارتوں اور قریبی جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اس کے کچھ ہی دیر بعد 10 کلومیٹر کے فاصلے پر کیریکیری کے پہاڑی سلسلے میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔تیزی سے پھیلتی ہوئی آگ کے پیشِ نظر 566 گھرانوں کے تقریباً 1,077 افراد کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے علاقے میں خشک ہواؤں اور تیز رفتاری سے چلنے والی ہوا کے بارے میں پہلے ہی خبردار کر دیا تھا، جو آگ پھیلنے کی بڑی وجہ بنی ہیں۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متاثرہ علاقوں کے مکین اپنے گھروں کی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش کا شکار ہیں۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔



