قومی انڈر18یوتھ ہاکی چیمپئن شپ سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر

قومی انڈر-18 یوتھ ہاکی چیمپئن شپ 2026 اسلام آباد کے نصیر بنڈا ہاکی اسٹیڈیم میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گئی،چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 15 ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں پاکستان کسٹمز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیاجبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے خیبر پختونخوا کو ہرا دیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے طویل عرصے بعد اس نوعیت کے ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہاکی کی بحالی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی،نوجوان کھلاڑیوں میں موجود ٹیلنٹ اس بات کی نوید ہے کہ قومی کھیل کے بہتر دن قریب ہیں۔
تقریب میں پاکستان ہاکی کے مایہ ناز اولمپیئنز بھی شریک ہوئے جن میں شہناز شیخ، حسن سردار، اصلاح الدین صدیقی، سمیع اللہ خان، ایاز محمود، نعیم اختر، قمر ابراہیم، منظور الحسن سینئر اور ناصر علی سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی نے اعلان کیا کہ یہ تمام لیجنڈز اب قومی سلیکشن اور مینجمنٹ سیٹ اپ کا حصہ ہوں گے اور آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے سینئر و جونیئر ٹیموں کی رہنمائی کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انڈر-18 چیمپئن شپ کو اب پی ایچ ایف کے سالانہ کیلنڈر کا مستقل حصہ بنا دیا گیا ہے تاکہ نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کا عمل جاری رکھا جا سکے۔چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں میں مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔



