پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے طلبہ کی ترکیہ میں بین الاقوامی تقریبات میں شرکت

پاک-ترک معارف انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے طلبہ نے ترکیہ میں منعقد ہونے والی دو اہم بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کر کے پاکستان کا نام روشن کیا اور ملکی ثقافت و صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ لاہور ڈریم گارڈن اور آصفہ عرفان کیمپس کے طلبہ نے استنبول میں ہونے والے انٹرنیشنل بریڈ فیسٹیول میں شرکت کی جہاں مختلف ممالک کے وفود نے ثقافتی ہم آہنگی اور دوستی کو فروغ دیا۔
طلبہ نے گورنر ہائوس کے دورے کے دوران یادگاری تحائف پیش کیے اور روایتی پاکستانی نان تیار کیا جسے مہمانوں نے بے حد سراہا۔ اسی دوران اسلام آباد کے چک شہزاد اور جی-10 کیمپس کے طلبہ نے انقرہ میں ترک ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن کارپوریشن کے زیر اہتمام 48ویں انٹرنیشنل چلڈرنز فیسٹیول میں شرکت کی۔
طلبہ نے ’’اے میرے وطن‘‘ پر شاندار ثقافتی پرفارمنس پیش کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔ تقریبات کے دوران طلبہ کو رجب طیب اردوان سے ملاقات کا اعزاز بھی حاصل ہوا جس نے اس دورے کو یادگار بنا دیا۔ یہ کامیابیاں پاک-ترک معارف کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ طلبہ کو عالمی مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں پاکستان کے سفیر کے طور پر تیار کیا جائے۔



