وزیر مملکت برائے خزانہ کااوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کا دورہ ، ادارے کی قیادت اور اراکین سے ملاقات

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( او آئی سی سی آئی) کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے کی قیادت اور اراکین سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 کے سلسلے میں جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔اتوار کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران مجموعی معاشی صورتحال، آئندہ بجٹ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور ٹیکس نیٹ کووسعت دینے سے متعلق حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
او آئی سی سی آئی کے نمائندگان نے ٹیکس پالیسی، کاروبار میں آسانی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جو پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں۔وزیر مملکت نے او آئی سی سی آئی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے بجٹ سازی کے عمل کو جامع اور مشاورتی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بجٹ کی تیاری میں ان تجاویز کو مناسب اہمیت دی جائے گی اور سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ فریقین سےمشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



