کاروباری

ملک میں کاروں کی فروخت اور پیداوار میں بالترتیب 45.43 فیصد اور 51.29 فیصد اضافہ ہوا

ملک میں کاروں کی فروخت اور پیداوار میں بالترتیب 45.43 فیصد اور 51.29 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے 9مہینوں میں گزشتہ سال کی اسی مدت کےمقابلے میں ہواجو کہ اقتصادی سرگرمیوں میں بحالی اور آٹو موبائل مارکیٹ پر صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مارچ (2025-26) کے دوران مجموعی طور پر 109,655 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ تعداد 75,397 تھی۔ اسی طرح گاڑیوں کی پیداوار بڑھ کر 115,495 یونٹس تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے 76,339 یونٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔مختلف ماڈلز کے لحاظ سے ہونڈا گاڑیوں کی فروخت میں 52.16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 11,460 یونٹس سے بڑھ کر 17,438 یونٹس تک پہنچ گئی۔ ٹویوٹا کرولا اور یارس کی مشترکہ فروخت 70.20 فیصد اضافے کے ساتھ 27,045 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال 15,890 یونٹس تھی۔سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں 96.01 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 5,891 یونٹس سے بڑھ کر 11,547 یونٹس ہوگئی جبکہ ہنڈائی ایلانٹرا کی فروخت 1,177 یونٹس سے بڑھ کر 1,961 یونٹس تک پہنچ گئی۔

سوزوکی کلٹس کی فروخت بھی 1,984 یونٹس سے بڑھ کر 3,717 یونٹس ہوگئی۔چھوٹی گاڑیوں کے شعبے میں سوزوکی آلٹو بدستور سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ماڈل رہا، جس کی فروخت 31,284 یونٹس سے بڑھ کر 41,265 یونٹس تک پہنچ گئی جو اس سیگمنٹ میں مضبوط طلب کو ظاہر کرتا ہے۔اسی طرح سوزوکی ایوری کی فروخت میں 206.21 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا اور یہ 1,930 یونٹس سے بڑھ کر 5,910 یونٹس ہوگئی، جس کی بڑی وجہ لائٹ کمرشل اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بڑھتی طلب ہے۔دریں اثناماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب پیش رفت بھی جاری رہی اور جولائی تا مارچ کے دوران دیوان ہنری-وی ای الیکٹرک گاڑی کے 263 یونٹس فروخت ہوئے۔پیداواری شعبے میں بھی مثبت رجحان برقرار رہا۔ ہونڈا گاڑیوں کی پیداوار 60.95 فیصد اضافے کے ساتھ 11,005 یونٹس سے بڑھ کر 17,713 یونٹس ہوگئی۔ ٹویوٹا کرولا اور یارس کی پیداوار 69.42 فیصد اضافے کے ساتھ 16,094 یونٹس سے بڑھ کر 27,268 یونٹس تک پہنچ گئی۔سوزوکی سوئفٹ کی پیداوار میں 101.12 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 5,958 یونٹس سے بڑھ کر 11,983 یونٹس ہوگئی، جبکہ ہنڈائی ایلانٹرا کی پیداوار 1,510 یونٹس سے بڑھ کر 2,307 یونٹس تک پہنچ گئی۔

سوزوکی کلٹس اور آلٹو کی پیداوار بھی بالترتیب 3,388 اور 47,716 یونٹس تک جا پہنچی۔اسی دوران سوزوکی ایوری کی پیداوار میں 11.52 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 3,955 یونٹس سے بڑھ کر 4,411 یونٹس ہوگئی۔ مزید برآں، دیوان ہنری-وی ای الیکٹرک گاڑی کے 240 یونٹس بھی تیار کیے گئے، جو ملک میں الیکٹرک وہیکل سیکٹر کے بتدریج فروغ کی نشاندہی کرتا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button