روس یوکرین جنگ بندی پر مزید بات چیت درکار ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے روس یوکرین امن معاہدے کے معاملے پر یوکرینی وفد سے مذاکرات کو نتیجہ خیز قرار دیا، ساتھ ہی واضح کردیا کہ جنگ بندی کے معاملے پر مزید بات چیت ضروری ہے۔
امریکی اور یوکرینی وفد کے مذاکرات فلوریڈا میں ہوئے، یوکرینی وفد کی قیادت قومی سلامتی کے سیکرٹری نے کی، امریکا کی جانب سے وزیرخارجہ مارکو روبیو، صدر ٹرمپ کے معاون خصوصی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیراڈ کشنر موجود تھے۔
مذاکرات کے بعد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ یہ مذاکرات صرف لڑائی ختم کرنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس امن منصوبے میں وہ شرائط بھی شامل ہیں جو یوکرین کو طویل مدتی خوشحالی کے لیے تیار کریں۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہناتھا کہ روس کے ساتھ امن مذاکرات کا مقصد یوکرین کو خودمختار، آزاد اور خوشحال بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے مذاکرات میں پیش رفت کی ہے لیکن معاہدے تک پہنچنے کے لیے ابھی مزید کام باقی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر کے خصو صی ا یلچی اسٹیو وٹکوف آج ماسکو جائیں گے جہاں ان کی روسی صدر پیوٹن سے منگل کو بات چیت کا امکان ہے۔



