ٹاپ نیوز

سائبر شیلڈ پالیسی سے ای گورننس، مالیاتی نظام اور ہیلتھ ڈیٹا کو مضبوط تحفظ ملے گا،وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سائبر شیلڈ پالیسی سے ای گورننس، مالیاتی نظام اور ہیلتھ ڈیٹا کو مضبوط تحفظ ملے گا،ڈیجیٹل نیشن پاکستان میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’ سائبرسکیورٹی،سائبرشیلڈ پالیسی اور اور مستقبل ‘‘کے موضوع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سائبرشیلڈ پالیسی پاکستان کے ڈیجیٹل تحفظ کا اہم سنگ میل ہے، سائبرشیلڈ پالیسی کے اجراء سے پاکستان کا ڈیجیٹل دفاع نئے دور میں داخل ہوچکاہے، نئی پالیسی سرکاری و نجی اداروں کےلئے متحدہ سکیورٹی فریم ورک فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ڈیجیٹل خطرات کے پیش نظر سائبرسکیورٹی کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، سائبر شیلڈ پالیسی سے ای گورننس، مالیاتی نظام اور ہیلتھ ڈیٹا کو مضبوط تحفظ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے، معرکہ حق کے دوران نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اپنی مہارت سے ملک کی ڈیجیٹل سرحدوں کا دفاع کیا اور جنگ جیتی، پور ی دنیا ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی معترف ہوگئی اورجدید ٹیکنالوجی کے حامل ممالک میں ہمارےملک کا وقار بلند ہوا، سائبر سکیورٹی قومی سلامتی سے جڑا معاملہ بن چکا ہے،سائبر سکیورٹی کے شعبہ میں نوجوانوں کےلئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں ۔

قبل ازیں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شز ہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ، ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد ملک میں مکمل ڈیجیٹلائزیشن کرنا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر ڈیجیٹل وژن کی نگرانی کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، اے آئی کمپنیوں اور پراڈکٹس کی سپورٹ کےلئے قومی مصنوعی ذہانت پالیسی لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کوآئی ٹی کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی کےلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں ، حکومتی اقدامات کے باعث آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button