قومی

نیشنل کونسل آف آرٹس میں کنسرٹ، روسی ثقافت کا شاندار مظاہرہ ، روسی وزیر توانائی کی خصوصی طور پر شرکت

10 ویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے سلسلے میں پاکستان آئے روسی وفد کے اعزاز میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایک خصوصی کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا۔ اس کنسرٹ میں روسی وزیر توانائی نے خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے فنکاروں اور گلوکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔ اس موقع پر اسٹیٹ اکیڈمک رشین فوک انسمبل کی جانب سے کنسٹرٹ کے پروگرام کے مطابق پرفارمنس دی گئی۔ کنسرٹ میں روس سے آئے فنکاروں نے روسی ثقافت کا شاندار مظاہرہ کیا جس کو شرکاء نے خوب سراہا۔

روسی گلوکاروں کی جانب سے فوک کلچر سمیت دیگر ثقافتی روایات کا دلکش منظر پیش کیا۔ کنسرٹ میں ڈارک آئیز، پیڈلرز اور دیگر کلاسیکی روسی و سوویت دھنیں پیش کی گئیں۔ تقریب میں موجود پاکستان شرکاء بھی روسی فوک کلچر سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ روسی وفد کے اعزاز میں فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز آئی-ایٹ میں بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ماڈل کالج کے ایک طالبعلم محمد آفتاب خان کی جانب سے روسی زبان کی اہمیت پر ایک پریزنٹیشن دی گئی جس کو شرکاء کی جانب سے سراہا گیا۔ سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای سید جنید اخلاق نے اپنی تقاریر میں تعلیمی شراکت داری، ثقافتی تفہیم، اور زبان سیکھنے کے پروگرامز میں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کر سراہا۔

تقریب سے خطاب میں روسی نائب وزیر برائے سائنس و اعلیٰ تعلیم ایلینا گروڈینینا اور روسی سفیر البرٹ خوریف نے پاکستان میں روسی زبان کی ترویج پر اطمینان کا اظہار کیا کرتے ہوئے تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ روسی وفد نے تقریب کے اختتام پر طلباء کے عزم اور جوش و خروش کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان میں انعامات تقسیم کئے۔ ماڈل کالج آئی ایٹ میں روسی زبان سیکھنے والے طلباء، پاکستانی ایبلیمپکس ٹیم اور نمل یونیورسٹی کے وفد نے غیرملکی مہمانوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔

دونوں تقاریب میں روسی نائب وزیر سائنس و اعلیٰ تعلیم ایلینا گروڈینینا، نائب وزیر توانائی ایڈورڈ شیریمٹسیف، پاکستان میں تعینات روسی سفیر سمیت وفد کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت، جبکہ کنسرٹ میں روس میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل ترمذی بھی موجود تھے۔ پاکستان اور روس کے درمیان 27 نومبر کو 10 ویں بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے اختتام پر مختلف شعبوں میں پروٹوکولز اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button