کاروباری

ایس ای سی پی نے پی ایس ایکس کے ریگولیشنز میں شریعت کے مطابق ترامیم منظور کر لیں

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ریگولیشنز میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے، ان تبدیلیوں کا مقصد مارکیٹ میں شفافیت بڑھانا، سرمایہ کاروں کا تحفظ بہتر بنانا اور شریعت کے مطابق سرمائے کی مارکیٹ کا مضبوط نظام قائم کرنا ہے۔ایس ای سی پی کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق پی ایس ایکس پر لازم ہو گا کہ وہ منظور شدہ ترامیم کے تحت اپنی ویب سائٹ پر تمام درج شدہ کمپنیوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کو عوام کے لئے ظاہر کرے، اس سے سرمایہ کار بہتر فیصلے کر سکیں گے اور مارکیٹ کے تمام شرکاء کے لئے معلومات میں بھی شفافیت کو فروغ ملے گا۔

مزید برآں منظور شدہ ترامیم کے تحت درج شدہ کمپنیوں کے لئے لازم ہو گا کہ وہ اپنی آمدنی، قرضوں اور سرمایہ کاری سے متعلق تمام شریعت پر مبنی معلومات براہِ راست پی ایس ایکس کو فراہم کریں۔ اس سے پی ایس ایکس کو درست اور بروقت معلومات حاصل ہوں گی، جس کے نتیجے میں KMI آل شیئر انڈیکس میں شمولیت کے لئے شریعت کے مطابق سکریننگ زیادہ مؤثر طریقے سے کی جا سکے گی اور اسلامی انڈیکسز کی ساکھ اور درستگی میں بھی بہتری آئے گی۔

مزید شفافیت کے فروغ کے لئے پی ایس ایکس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شریعت انڈیکسز (KMI) انڈیکسز خود یا کسی آزاد تیسرے فریق کے ذریعے ترامیم کی تاریخ سے 12 ماہ کے اندر تیار کرے اور ان کا نظام برقرار رکھے۔یہ ترامیم شریعت کے مطابق بروکریج خدمات کی پیشکش میں بھی سہولت فراہم کرتی ہیں اور شریعہ کے مطابق اکاؤنٹ کھولنے کے وقف فارمز (کسٹمر ریلیشن شپ فارمز اور سہولت اکاؤنٹ اوپننگ فارمز) متعارف کراتی ہیں، اس سے سرمایہ کاروں کے لئے اسلامی تجارتی اکاؤنٹ کھولنے میں آسانی ہو گی۔

یہ اصلاحات ایس ای سی پی کی ایک زیادہ شفاف، موثر اور جامع کیپٹل مارکیٹ کی تعمیر کے لئے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں جو پاکستان میں شریعہ کے مطابق سرمایہ کاری کے قابل اعتماد مواقع کے لئے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو مؤثر طریقے سے پورا کرتی ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button