کاروباری

کراچی میں "فوڈ ایگ 2025” نمائش کا افتتاح کل ہوگا، 80 سے زائد ممالک کے خریداروں کی شرکت، ایک ارب ڈالر کے کاروبار کی توقع

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان کراچی ایکسپو سینٹر میں تیسری بین الاقوامی فوڈ و ایگریکلچر نمائش”فوڈ ایگ 2025″کا افتتاح کل (منگل کو) کریں گے ۔ نمائش میں 350 سے زائد پاکستانی نمایاں ایکسپورٹرز باسمتی چاول، خشک آم، کینو، کھجوریں، ہمالین پنک سالٹ، معیاری سی فوڈ، حلال گوشت و ڈیری مصنوعات، مصالحہ جات اور ویلیو ایڈڈ فوڈز سمیت پاکستان کی بہترین زرعی و غذائی مصنوعات نمائش میں پیش کریں گے۔

25 تا 27 نومبر 2025ء تک جاری رہنے والی اس نمائش میں دنیا کے 80 سے زائد ممالک کے 800 سے زیادہ پری کوالیفائیڈ خریدار شریک ہوں گےجو پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک تجارتی ایونٹ کے لیے سب سے بڑی بین الاقوامی خریدار ڈیلگیشن ہے۔ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے کہا ہے کہ ہم صرف ایک نمائش نہیں کر رہے، ہم دنیا کے لیے پاکستان کی فراوانی اور پائیدار و قابل اعتماد فوڈ سپلائی کے عزم کے دروازے کھول رہے ہیں۔

صرف تین برسوں میں فوڈ ایگ خطے کا سب سے اہم فوڈ ٹریڈ پلیٹ فارم بن چکا ہے، کیونکہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں بھی کبھی فوڈ ایکسپورٹس محدود نہیں کیں۔ آئندہ تین دنوں میں ہزاروں پری شیڈیولڈ بی ٹو بی ملاقاتیں ہوں گی اور ہمیں ایک ارب ڈالر سے زائد ایکسپورٹ بزنس کی توقع ہے جس سے ملک بھر کے کسانوں اور ایکسپورٹرز کے لیے روزگار اور دیرپا شراکت داریاں پیدا ہوں گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button